مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے رکن حسین العزی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ سعودی عرب تین اقدامات کرکے یمن کے ساتھ تنازع کے حل اور جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔
حسین العزی نے یمن کے خلاف حملوں کا خاتمہ، محاصرہ ختم کرنے اور یمن کے مطالبات کی ادائیگی کو بحران کے حل اور امن کی جانب پیش رفت کے لیے تین بنیادی شرائط قرار دیا۔
انہوں نے سعودی حکام سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ یمن کے ساتھ اختلافات کا حل مشرقی یا مغربی فوجی اتحادوں پر انحصار کیے بغیر اور گھروں، بازاروں اور شہریوں پر حملے ختم کرکے بھی ممکن ہے۔
انصار اللہ کے رہنما نے جنگ پر ہونے والے بھاری اخراجات اور مسلح گروہوں کی حمایت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوجی راستہ اختیار کرنا بحران کا حل نہیں ہے بلکہ اس سے مزید ناکامیوں، تشویش اور علاقائی خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
حسین العزی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ صنعا کی جانب سے پیش کردہ شرائط پر عمل درآمد ہی تنازع ختم کرنے کا راستہ ہے، بصورت دیگر محاذ آرائی جاری رہے گی۔
آپ کا تبصرہ