24 اکتوبر، 2026، 4:43 PM

مقبوضہ فلسطین،الخلیل میں شدید جھڑپیں، سیکڑوں فلسطینی خاندان بے گھر

مقبوضہ فلسطین،الخلیل میں شدید جھڑپیں، سیکڑوں فلسطینی خاندان بے گھر

مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں، متعدد علاقوں کے محاصرے اور گھروں کو خالی کرانے کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی خاندانوں کو جبری بے دخلی کا سامنا ہے، جبکہ چھاپوں کے دوران درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ مغربی کنارے کے صوبے الخلیل کے علاقے دورا میں فلسطینیوں اور صہیونیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔

صہیونی ذرائع کے مطابق، اسرائیلی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو علاقے میں طلب کر لیا گیا، جبکہ وہاں جانے والے راستوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب، الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے باخبر ذرائع نے بتایا کہ الخلیل کے علاقے الجلده میں تقریباً 300 فلسطینی خاندانوں کو اسرائیلی حکومت کی جانب سے جبری بے دخلی کے خطرے کا سامنا ہے۔

اسی سلسلے میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین یاہو نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فوجی کارروائی کا حکم دینے کے بعد کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کو ایک بڑے سرپرائز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

الخلیل کے میئر یوسف الجعبری نے آج صبح بتایا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے گنجان آباد علاقوں الجلده اور دیر بحہ کو خالی کرانے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق، اسرائیلی فوجیوں نے جمعے کے روز الخلیل میں صہیونیوں کے خلاف کارروائی کرنے والے شخص کے گھر کے اطراف میں واقع درجنوں مکانات کو بھی خالی کرا لیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے شہر الخلیل، اس کے نواحی علاقوں اور پناہ گزین کیمپوں کا محاصرہ کر لیا ہے۔ فوجیوں نے عروب پناہ گزین کیمپ اور الشیوخ کے علاقے پر بھی دھاوا بولا، جہاں پہلے رہا کیے جانے والے بعض فلسطینی قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔

الجزیرہ کے نامہ نگار نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی حصے میں کم از کم 15 علاقوں اور شہروں پر چھاپے مارے، جن کے دوران درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الخلیل کے علاقے فرش الہوا میں ایک فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں چھ اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی، جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک بتائی گئی تھی۔

News ID 1942331

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha