مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہِ پاسداران انقلاب اسلامی کے نائب کمانڈر میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی نے کہا ہے کہ ایران کی بحری اور ایرو اسپیس فورسز کو تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز میں آپریشنل اور انٹیلی جنس برتری حاصل ہے۔
انہوں نے ایران کے وسطی شہر خمین میں عوام کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی مسلح افواج آبنائے ہرمز میں میدانِ عمل کو اپنے کنٹرول میں رکھے ہوئے ہیں اور یہ صورتِ حال اسلامی جمہوری ایران کی خواہش کے مطابق جاری رہے گی۔
میجر جنرل ایزدی نے مزید کہا کہ ایران کے دشمن ملک میں اختلافات اور انتشار پیدا کرنے اور عوام کو میدان سے دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی موجودگی اور ملک کی حمایت ایران کی کامیابیوں کے تحفظ اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
سپاہِ پاسداران کے نائب کمانڈر نے 12 روزہ جنگ اور رمضان جنگ کے نام سے موسوم 40 روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں جنگوں کے دوران دشمن نے اپنی تمام تر صلاحیتیں میدان میں جھونک دیں، لیکن ایرانی مسلح افواج اور میدان میں موجود عوام نے اس کا مضبوط اور ناقابل فراموش جواب دیا۔
انہوں نے دعوی کیا کہ ان معرکوں کے نتیجے میں ایران فاتح بن کر ابھرا ہے۔
آپ کا تبصرہ