مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی اخبار اسرائیل ہیوم نے انکشاف کیا ہے کہ تل ابیب، سعودی عرب کو یمن کے خلاف جنگ میں انٹیلی جنس معلومات فراہم کر رہا ہے، جبکہ اسرائیل اور سعودی عرب سمیت خلیجی عرب ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون بھی پس پردہ مضبوط ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسرائیل ہیوم نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ صہیونی حکومت میں انتخابات سے آٹھ روز قبل امریکی وزیر جنگ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے خفیہ ملاقات کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تل ابیب، سعودی عرب اور خلیجی عرب ممالک کے درمیان سکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اسرائیل یمنی مسلح افواج کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کر رہا ہے۔
اسرائیل ہیوم کے مطابق، سعودی عرب کو تل ابیب کی جانب سے ملنے والی مدد، امریکہ کے علاوہ کسی بھی دوسرے غیر ملکی فریق کی فراہم کردہ معاونت سے کہیں زیادہ ہے۔
اس سے قبل عبرانی زبان کے اخبار ہارٹز نے رپورٹ کیا تھا کہ صہیونی حکومت، امریکہ کے ذریعے سعودی عرب کو یمن کے خلاف جنگ میں شریک ہونے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہارٹز نے دعوی کیا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان یمن کے خلاف جنگ میں اسرائیلی حکومت کی مدد کو زیادہ اہمیت نہیں دے رہے، کیونکہ ان کے خیال میں اسرائیل کے ساتھ اس معاملے میں تعاون سعودی عوام کی نظر میں ان کے لیے سیاسی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ