مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خلیل الحیہ نے فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ کی مزاحمت کی پشت پناہی پر یمن کے مؤقف کو سراہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خلیل الحیہ نے صنعا کی حکومت میں نائب وزیر خارجہ و تارکینِ وطن عبدالواحد ابوراس کے نام ایک خط میں فلسطینی عوام، مزاحمت اور اس کی حمایت میں یمن کے مؤقف پر اظہارِ تشکر کیا۔
خلیل الحیہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یمن کا مؤقف دونوں اقوام کے درمیان گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس بات کا اظہار ہے کہ فلسطین یمنی عوام اور قیادت کے دل و دماغ میں مضبوطی سے موجود ہے۔
انہوں نے فلسطینی عوام اور مزاحمت کے لیے یمن کی مسلسل حمایت کو بھی سراہا۔ الحیہ نے یمن کے شہداء، بالخصوص وزیر اعظم احمد الرہوی اور دیگر یمنی وزرا کے لیے مغفرت و رحمت کی دعا کی، جنہوں نے فلسطین کی حمایت کی قیمت اپنے خون سے ادا کی۔
حماس رہنما نے مزید کہا کہ یمنی عوام خود جارحیت اور محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں، اس کے باوجود یمن غزہ کی مزاحمت اور فلسطینی مقصد کی حمایت میں ثابت قدم ہے اور فلسطینی عوام کو درپیش جنگ کے خلاف اپنا مؤقف برقرار رکھے ہوئے ہے۔
آپ کا تبصرہ