مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مذہب کی خاطر بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثنا خان نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں جاری غاصب اسرائیلی جارحیت کو دیکھ کر روزانہ روتی ہیں۔
ثنا خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فلسطینی پرچم کی ویڈیو پوسٹ کی اور ساتھ ہی ظلم کے شکار فسلطینی عوام کے لیے پیغام بھی لکھا۔
اُنہوں نے کہا کہ “جب اللہ تمہارے ساتھ ہو تو کسی سے نہ ڈرو، یہ جملہ صحیح معنوں میں فلسطینیوں کی نمائندگی کرتا ہے”۔
ثنا خان نے کہا کہ “میرا دل ہر روز غزہ کے بےگناہ اور معصوم لوگوں کے لیے روتا ہے، میرے بہن بھائیوں کے ساتھ غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے، اُسے دیکھ کر روزانہ کام کرنا بہت مشکل ہے”۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ “اللہ تعالیٰ نے اہل فلسطین کو اسی طرح چن لیا ہے جس طرح اس نے اپنی اعلیٰ جنت کے لیے بدری صحابی کو چنا تھا”۔
ثنا خان نے دُعاوْں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “دعا کرتے رہیں کہ اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے, ہمیں طاقت اور صبر عطا فرمائے اور ہمیں بھی اپنی جنت کے لیے چن لے”۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہدا کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 25 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق غزہ میں 6 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں جو ان کیمپوں میں اور اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے جن پر اب اسرائیل بمباری کر رہا ہے۔ 5 مساجد کو بھی شہید کیا جا چکا ہے۔
آپ کا تبصرہ