7 نومبر، 2026، 11:26 AM

غاصب اسرائیلی پابندیوں کے باوجود، دسیوں ہزار فلسطینیوں کی مسجد الاقصیٰ میں نمازِ جمعہ

غاصب اسرائیلی پابندیوں کے باوجود، دسیوں ہزار فلسطینیوں کی مسجد الاقصیٰ میں نمازِ جمعہ

غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے عائد کردہ سخت پابندیوں کے باوجود، دسیوں ہزار فلسطینیوں نے مسجد الاقصیٰ اور اس کے احاطے میں نمازِ جمعہ ادا کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آج دسیوں ہزار فلسطینی غاصب صیہونی حکومت کی سخت حفاظتی پابندیوں کے باوجود، مسجد الاقصیٰ پہنچے اور اس کے صحنوں میں نمازِ جمعہ ادا کی۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے مسجد الاقصیٰ کے اطراف اور بیت المقدس کے قدیم شہر کے داخلی راستوں پر اپنی موجودگی بڑھا دی تھی۔ انہوں نے متعدد نمازیوں کو روک کر ان کی شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی۔ ان اقدامات کے ذریعے فلسطینیوں کی نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد تک رسائی محدود کی گئی۔

مسجد الاقصیٰ کے داخلی راستوں اور بیت المقدس کے قدیم شہر میں بھی قابض فوجیوں کی بڑی تعداد تعینات تھی، جنہوں نے بالخصوص فلسطینی نوجوانوں کی تلاشی لی اور ان کی سکیورٹی جانچ پڑتال کی۔

فلسطینیوں کی یہ بڑی تعداد میں آمد اس وقت ہوئی جب القدس میں فلسطینی کارکنوں اور اداروں نے جمعرات کے روز اس شہر کے باشندوں اور مقبوضہ علاقوں میں رہنے والے فلسطینیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ نمازِ جمعہ کی ادائیگی اور مسجد الاقصیٰ میں اپنی موجودگی یقینی بنانے کے لیے اس مقدس مقام کا رخ کریں۔

واضح رہے یہ اپیل مسجد الاقصیٰ پر غاصب صیہونیوں کے بڑھتے ہوئے دھاووں اور وہاں نئی پابندیاں و شرائط مسلط کرنے کی کوششوں کے ردعمل میں کی گئی تھی۔

جمعرات کے روز بھی درجنوں غاصب صیہونی آبادکاروں نے صیہونی فوجیوں کی حمایت اور حفاظت میں مسجد الاقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہوکر اس کے مشرقی حصے میں گشت کیا اور تلمودی رسومات اور عبادات انجام دیں۔

تقریباً 144 دونم رقبے پر مشتمل مسجد الاقصیٰ مسلسل غاصب صیہونی حکومت کے حملوں اور وہاں موجود نمازیوں و فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کا نشانہ بنی ہوئی ہے۔

فلسطینی حلقوں نے آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے دھاووں اور اس مقدس مقام کی تاریخی و قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کے سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔

News ID 1942661

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha