مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے سعودی عرب کے اندر چھ فوجی کارروائیاں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق ان کارروائیوں میں میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے سعودی عرب کے اہم تزویراتی مراکز اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
جنرل یحییٰ سریع نے بتایا کہ پہلی کارروائی میں ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے، تیل کے ذخائر اور سعودی آرامکو کمپنی کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری کارروائی میں خریص کے علاقے میں آرامکو کمپنی کی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، جسے یمنی فوج کے ترجمان نے کامیاب قرار دیا۔
تیسری کارروائی میں سعودی آرامکو کی تیل کی پائپ لائن کے پمپنگ اسٹیشن کو دوادمی کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔
یمنی فوج کے ترجمان کے مطابق، چوتھی کارروائی میں نجران میں سعودی حمایت یافتہ جنگجوؤں کے اجتماع کے مقام کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانچویں کارروائی کے دوران صوبہ الجوف کے مشرقی علاقے میں ریاض سے وابستہ عناصر کے اجتماع کے مقامات کو تین مرتبہ نشانہ بنایا گیا، جس میں درجنوں سعودی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے۔
چھٹی کارروائی میں صوبہ مأرب کے مشرقی علاقوں رغوان اور مجدال میں سعودی حمایت یافتہ جنگجوؤں کے اجتماع کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ان عناصر کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔
جنرل یحیی سریع نے اپنے بیان میں سعودی عرب کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام کے بچوں اور خواتین کے قتل میں ملوث ہونے کی وجہ سے سعودی عرب کو ان جرائم کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
آپ کا تبصرہ