مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی کارکن مجتہد، جو آل سعود خاندان کے اندرونی حلقوں کی خفیہ خبریں افشا کرنے کے حوالے سے معروف ہیں، نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان کے دیگر شہزادوں اور شیوخ کے علاوہ بعض ممالک کے حکام سے متعلق انتہائی اہم اور خطرناک دستاویزات منظرِ عام پر لائیں گے۔
انہوں نے تاکید کی کہ یہ دستاویزات انہیں ایک ایسے شخص کے ذریعے موصول ہوئی ہیں جس کے سعودی عرب کے حکمران حلقوں کے ساتھ انتہائی مضبوط روابط ہیں۔
مجتہد کے مطابق، وہ اب تک ان دستاویزات کو شائع کرنے کے حوالے سے تذبذب کا شکار تھے، لیکن یمن کے خلاف بن سلمان کے اقدامات نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف اپنے مفادات کے بارے میں سوچتے ہیں اور انہیں سعودی عرب یا اس کے عوام کی کوئی پروا نہیں۔
مجتہد نے مزید کہا کہ ان دستاویزات میں صوتی، تصویری اور تحریری فائلیں شامل ہیں، جن میں ایسے راز موجود ہیں جو عبدالعزیز الفغم کے پاس تھے۔ ان دستاویزات میں بن سلمان کے ایک ایسے چچا کا ذکر بھی موجود ہے جو اب اس دنیا میں نہیں رہے اور جنہوں نے آل سعود خاندان کے رازوں سے پردہ اٹھایا ہے۔
واضح رہے کہ مجتہد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے 2022ء میں سعودی فرمانروا ملک سلمان بن عبدالعزیز کے ذاتی محافظ عبدالعزیز الفغم کے قتل کی تفصیلات بھی جاری کی تھیں۔
ان تفصیلات کے مطابق، بن سلمان نے خود انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا تھا۔
آپ کا تبصرہ