مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت کے جواب میں اس کی مسلح افواج کی فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سپاہ پاسداران کے شعبۂ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کی جانب سے ایرانی تجارتی اور تیل بردار بحری جہازوں پر حملے کے جواب میں سپاہ کی ایئرواسپیس فورس نے ’’یا حیدر کرار‘‘ کے کوڈ کے تحت اردن میں واقع امریکی الازرق اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق اس کارروائی میں ٹھوس اور مائع ایندھن سے چلنے والے بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے، جن کے ذریعے امریکی جنگی طیاروں کے مرمتی و دیکھ بھال کے ہینگرز، طیاروں کی تیاری کے مراکز، ان کے قیام کی جگہوں اور حفاظتی شیلٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
سپاہ پاسداران نے دعوی کیا کہ حملے کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی ایرانی تیل بردار جہازوں پر امریکی حملے کے جواب اور جارحیت کا بدلہ لینے کے مقصد سے کی گئی۔
سپاہ پاسداران کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایرانی بحریہ کی مزاحمت کے باعث امریکی فوج کو مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں واشنگٹن نے مایوسی اور بے بسی کے عالم میں بعض اقدامات کیے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایرانی مسلح افواج کی جانب سے دفاعی طاقت کے خلاف مسلسل اور فیصلہ کن کارروائیوں نے امریکی دشمن کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔
سپاہ پاسداران نے ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی میدان میں مسلسل موجودگی اور مزاحمت نے امریکی حکومت کو تھکا دیا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں ایرانی افواج کی مزاحمت اور طاقت نے امریکی حکام کو پریشان اور الجھن کا شکار کر دیا ہے۔
بیان کے اختتام پر سپاہ پاسداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکی جارحیت کے خاتمے تک مسلح افواج کی مزاحمت اور فیصلہ کن جنگ جاری رہے گی۔
آپ کا تبصرہ