مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہید رہبر انقلاب اسلامی کے جنازے اور تدفین کی باوقار تقریب سے قبل قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس عظیم مجاہد کا نام، فکر اور درخشاں کارنامے ہمیشہ ایرانی قوم کی تاریخی یادداشت اور دنیا کے آزاد انسانوں کے ضمیر میں زندہ رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسعود پزشکیان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایرانی قوم ایک تاریخی مرحلے سے گزر رہی ہے، جہاں عوام اپنے شہید رہبر انقلاب کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوں گے۔ اگرچہ اس عظیم رہنما کی شہادت نے قوم، امت مسلمہ اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کو غمزدہ کیا ہے، لیکن اس سے یہ حقیقت بھی واضح ہوئی ہے کہ اسلامی نظام کی بنیاد عوام کے ایمان، عزم اور استقامت پر قائم ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ شہید رہبر انقلاب کی جدوجہد کا سفر ختم نہیں ہوا بلکہ ان کی شہادت قومی اتحاد، استقامت اور ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ ایران کی سلامتی، استحکام اور روشن مستقبل کی ضمانت قومی یکجہتی، عوام کی باشعور موجودگی اور استکباری قوتوں کے مقابلے میں ثابت قدمی میں مضمر ہے۔
انہوں نے ملک کے تمام طبقات، قومیتوں، مذاہب اور سیاسی رجحانات سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ شہید رہبر انقلاب کی تشییع اور تدفین میں بھرپور شرکت کرکے قومی اتحاد اور اسلامی نظام کے اعلی مقاصد سے اپنی وفاداری کا عملی مظاہرہ کریں۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ عوام کی وسیع شرکت دہشت گردی، تشدد اور جبر کی سوچ کا دوٹوک جواب اور دنیا کے لیے واضح پیغام ہوگی کہ ایرانی قوم اپنی آزادی، خودمختاری اور عزت کے دفاع کے لیے متحد اور ثابت قدم ہے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ایرانی عوام اس تاریخی الوداع میں غم کے باوجود امید اور عزم کے ساتھ ایک بار پھر ثابت کریں گے کہ وہ پرچم، جسے شہید رہبر انقلاب نے پوری زندگی سربلند رکھنے کے لیے جدوجہد کی، کبھی زمین پر نہیں گرنے دیں گے۔
آپ کا تبصرہ