مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماسکو میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم جی ای سی ایف کے سربراہی اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ ایران اور روس عالمی توانائی کے نظام کو منصفانہ بنیادوں پر استوار کرنے کی نمایاں صلاحیت رکھتے ہیں۔
جلالی نے روسی اخبار کے لیے اپنے مضمون میں لکھا کہ ماسکو میں ایران اور روس کی مشترکہ موجودگی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ دونوں ممالک عالمی توانائی کے منظرنامے میں ایک منصفانہ نظام کی تشکیل کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ایرانی سفیر کے مطابق، عالمی گیس مارکیٹ کے موجودہ رجحانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مستقبل میں اس شعبے کی تشکیل کثیرالجہتی اصولوں، گیس کی فراہمی کے متنوع ذرائع اور توانائی فراہم کرنے والے ممالک کی خود مختاری کے احترام کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
اپنے مضمون میں انہوں نے لکھا کہ ایران اور روس عالمی توانائی کی منڈی میں ایسا نظام تشکیل دینے کے خواہاں ہیں جس میں توانائی کی فراہمی اور تجارت کے حوالے سے مختلف ممالک کو مناسب کردار حاصل ہو اور کسی ایک طاقت یا محدود گروہ کا اثر و رسوخ فیصلہ کن حیثیت اختیار نہ کرے۔
عالمی گیس مارکیٹ میں ایران اور روس کی شراکت داری اس لیے بھی اہمیت رکھتی ہے کہ دونوں ممالک توانائی کے بڑے ذخائر کے حامل ہیں۔ دونوں کے درمیان تعاون توانائی کی عالمی منڈی میں ان کے مشترکہ مفادات کے فروغ اور گیس کی فراہمی کے مستقبل سے متعلق پالیسیوں پر مشاورت کے لیے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ