مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ شہید رہبر انقلاب کی تشییع میں عوام کی بھرپور شرکت نہ صرف امریکا کے موجودہ حکمرانوں پر مایوسی مسلط کرے گی بلکہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کے تصور کو بھی ہمیشہ کے لیے ناکام بنا دے گی۔
شہید رہبر انقلاب کی تشییع کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ شہید رہبر انقلاب نے ایران کی تاریخ میں عزت، استقامت اور کامیابی کے ناقابلِ فراموش باب رقم کیے۔ انہوں نے امام خمینیؒ کے بعد بصیرت، تدبر اور استقامت کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ شہید رہبر انقلاب اور متعدد فوجی کمانڈروں کی شہادت سے نہ صرف ایران کی قومی یکجہتی اور استحکام متاثر نہیں ہوا بلکہ اس نے ملک میں ایک نئی انقلابی تحریک کو جنم دیا۔
محسن رضائی نے کہا کہ اس سانحے پر دنیا کے مختلف ممالک کے عوام نے بھی غم کا اظہار کیا اور امریکا اور صہیونی حکومت کے خلاف نفرت کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ تہران، قم اور مشہد میں ہونے والی تشییعی تقریبات میں تاریخی اور بھرپور شرکت کرکے شہید رہبر انقلاب کو عظیم الشان خراج عقیدت پیش کریں۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ امام خمینیؒ اور شہید رہبر انقلاب کا روشن راستہ پوری قوت، استقامت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
آپ کا تبصرہ