14 اگست، 2026، 8:13 PM

مہر نیوز کی خصوصی رپورٹ:

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو مستقبل میں درپیش چیلنجز

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو مستقبل میں درپیش چیلنجز

سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں ایک نئے سکیورٹی نظام کی بنیاد بن سکتا ہے، تاہم تینوں ممالک کے مختلف سکیورٹی مفادات، دفاعی ذمہ داریوں کے ابہام اور علاقائی صف بندی کے خدشات اس معاہدے کی مؤثریت کے لیے بڑے چیلنجز بن سکتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک: سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 7 اگست کو دستخط ہونے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں ایک نئے سکیورٹی انتظام کی تشکیل کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔ اگرچہ ابھی تک معاہدے کا باضابطہ متن جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم دستیاب معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے تحت کسی ایک رکن پر حملے کو تمام ارکان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

تاہم اس معاہدے کی علامتی اور سیاسی اہمیت سے قطع نظر اس کی عملی مؤثریت، باہمی ہم آہنگی اور قابل نفاذ ہونے کے حوالے سے اہم سوالات موجود ہیں۔ تینوں ممالک کے مفادات میں فرق، دفاعی ذمہ داریوں کی واضح تفصیلات کا فقدان اور خطے میں نئی صف بندی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی اس معاہدے کی کامیابی کے لیے اہم چیلنجز بن سکتے ہیں۔

سکیورٹی خطرات میں واضح فرق

مکہ معاہدے کے لیے سب سے بڑا چیلنج تینوں ممالک کو درپیش سکیورٹی خطرات کا مختلف ہونا ہے۔ سعودی عرب اپنی سکیورٹی تشویش کے ایک اہم حصے کو ایران، یمن کی انصاراللہ اور تہران کے قریب سمجھے جانے والے مسلح گروہوں سے متعلق سمجھتا ہے، جبکہ پاکستان کو بنیادی طور پر بھارت، اپنی مشرقی سرحدوں کی سلامتی اور کشمیر سے متعلق تنازعات کا سامنا ہے۔ ترکیہ کی سکیورٹی ترجیحات بھی دونوں ممالک سے مختلف ہیں۔ انقرہ اپنی فوجی اور سیاسی صلاحیتوں کا ایک بڑا حصہ شام، عراق، مشرقی بحیرہ روم اور سرحدی سلامتی سے متعلق معاملات پر صرف کرتا ہے۔

ایسی صورتحال میں یہ سوال اہم ہے کہ ایک پر حملہ، سب پر حملہ کے اصول کو ان تمام مختلف نوعیت کے بحرانوں میں عملی طور پر کس حد تک نافذ کیا جاسکے گا۔ سکیورٹی خطرات میں یہ فرق اس وقت مزید پیچیدہ صورتحال پیدا کرسکتا ہے جب تینوں میں سے کوئی ایک ملک ایسے تنازع میں ملوث ہو جسے دیگر دو ممالک اپنی قومی سلامتی سے براہ راست متعلق نہ سمجھتے ہوں۔

ایسی صورتحال میں معاہدے کے تحت کاغذ پر موجود سیاسی عزم اور متعلقہ حکومتوں کے حقیقی قومی مفادات کے درمیان فرق پیدا ہوسکتا ہے۔ نتیجتا کسی رکن کے خلاف حملے کی صورت میں اجتماعی ردعمل محدود، علامتی یا محض سیاسی نوعیت کا بھی ہوسکتا ہے۔ لہٰذا معاہدے کی اصل آزمائش محض اس کے اعلان یا سیاسی اہمیت میں نہیں بلکہ اس بات میں ہوگی کہ مختلف نوعیت کے علاقائی بحرانوں کے دوران تینوں ممالک کس حد تک مشترکہ دفاعی ذمہ داری کو عملی شکل دینے پر آمادہ ہوتے ہیں۔

اجتماعی دفاع کے تصور میں ابہام

معاہدے کے حوالے سے دوسرا اہم چیلنج اس کے بنیادی اصول یعنی اجتماعی دفاع سے متعلق ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ کن حالات میں کسی ایک رکن پر ہونے والا حملہ تمام ارکان کے مشترکہ دفاع کو متحرک کرے گا؟

موجودہ علاقائی صورتحال میں خطرات صرف ایک ملک کی فوج کی جانب سے دوسرے ملک پر براہ راست حملے تک محدود نہیں ہیں۔ مسلح گروہوں کے حملے، میزائل اور ڈرون کارروائیاں، سائبر حملے اور بالواسطہ اقدامات بھی خطے کے تنازعات کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔

اگر معاہدے کے تحت صرف کسی ریاست کی جانب سے کیا جانے والا براہ راست حملہ ہی مشترکہ دفاع کی ذمہ داری کو متحرک کرتا ہے تو خطے کو درپیش حقیقی خطرات کا ایک بڑا حصہ اس معاہدے کے دائرہ کار سے باہر رہ جائے گا۔ اس کے برعکس اگر کسی مسلح گروہ کی جانب سے ہونے والا ہر حملہ بھی خودکار طور پر مشترکہ دفاع کے آغاز کا باعث بنے تو اس کے ارکان غیر ارادی طور پر ایسے علاقائی تنازعات کی ایک طویل سلسلے میں الجھ سکتے ہیں جو ضروری نہیں کہ تینوں ممالک کے قومی مفادات سے مطابقت رکھتے ہوں۔ لہٰذا دفاعی ذمہ داری کو فعال کرنے کی واضح شرائط کا نہ ہونا اس معاہدے کی اہم ترین کمزوریوں میں سے ایک بن سکتا ہے۔

دفاعی معاہدہ اس وقت حقیقی معنوں میں مؤثر ثابت ہوتا ہے جب مخالف فریق کو یقین ہو کہ اس کے ارکان عملی حالات میں اپنے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں۔ تاہم معاہدے پر دستخط کرنے اور ایک حقیقی مشترکہ دفاعی ڈھانچہ قائم کرنے کے درمیان ایک طویل فاصلہ موجود ہوتا ہے۔ پائیدار دفاعی ڈیٹرنس کے لیے معلومات کے تبادلے، آپریشنل رابطہ کاری، کمانڈ کے نظام، مشترکہ منصوبہ بندی اور بحرانی حالات میں فیصلہ سازی کے لیے مخصوص اور مؤثر طریقہ کار ضروری ہوتے ہیں۔

اگر ایسے میکانزم قائم نہ کیے گئے تو مکہ معاہدہ ایک حقیقی فوجی اتحاد کے بجائے زیادہ تر سیاسی عزم کی حیثیت اختیار کرسکتا ہے۔ صرف تینوں ممالک کی طاقتور افواج کا موجود ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ مشترکہ طور پر جنگ لڑنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔ فوجی سازوسامان، عسکری نظریات، کمانڈ کے ڈھانچوں اور اسٹریٹجک ترجیحات میں موجود اختلافات بھی تینوں ممالک کے درمیان مؤثر فوجی رابطہ کاری اور مشترکہ کارروائیوں میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

امریکہ کے ساتھ تعلقات کا چیلنج: خودمختاری یا تنوع؟

اس نوعیت کے سکیورٹی انتظامات کا ایک اہم مگر غیر اعلانیہ مقصد خطے کے ممالک کا امریکی سکیورٹی چھتری پر انحصار کم کرنا بھی سمجھا جاتا ہے، تاہم یہاں ایک بنیادی تضاد موجود ہے۔ ترکیہ نیٹو کا رکن ہے، پاکستان کی امریکہ کے ساتھ طویل عرصے سے عسکری تعاون کی تاریخ ہے، جبکہ سعودی عرب اب بھی امریکی دفاعی سازوسامان، تربیت اور دفاعی تعاون پر خاصا انحصار کرتا ہے۔ لہذا مکہ معاہدے کو فی الحال خطے کے امریکی قیادت میں قائم سکیورٹی نظام سے مکمل طور پر نکلنے کی علامت قرار نہیں دیا جاسکتا۔

حقیقت میں زیادہ سے زیادہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ معاہدہ رکن ممالک کے لیے سکیورٹی کے ذرائع کو متنوع بنانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ تاہم اگر یہ نیا ڈھانچہ مغرب پر موجود فوجی اور سیاسی انحصار میں حقیقی کمی کے بغیر کام کرتا ہے تو اس کی سکیورٹی خودمختاری محدود رہے گی۔

دوسرے الفاظ میں بنیادی سوال یہ ہے کہ آیا تینوں ممالک واقعی ایک آزاد علاقائی سکیورٹی ڈھانچہ تشکیل دے رہے ہیں یا امریکی سکیورٹی نظام کے متوازی محض ایک نئی تہہ قائم کر رہے ہیں۔

کیا معاہدہ بحرانوں کا مقابلہ کرسکتا ہے؟

دفاعی معاہدے عموما نسبتا پرسکون حالات میں طے کیے جاتے ہیں، لیکن ان کی اصل آزمائش اس وقت ہوتی ہے جب ان میں شامل کوئی ایک ملک حقیقی جنگ یا بڑے بحران میں مبتلا ہوجائے۔

اگر مستقبل میں سعودی عرب کو بڑے حملے کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو کیا ترکیہ اور پاکستان عملی فوجی مدد کے لیے آگے بڑھیں گے؟ اگر ترکیہ اپنی سرحدوں پر کسی بڑے بحران میں ملوث ہوجاتا ہے تو کیا سعودی عرب اور پاکستان براہ راست مداخلت کے لیے تیار ہوں گے؟ اسی طرح اگر پاکستان کو بھارت کے ساتھ کسی بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو کیا سعودی عرب اور ترکیہ معاہدے کی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے ایک مہنگے اور پیچیدہ فوجی تصادم میں شامل ہونے پر آمادہ ہوں گے؟

ان سوالات کے جوابات تاحال واضح نہیں ہیں، اور یہی ابہام مکہ معاہدے کی حیثیت کا سب سے اہم امتحان بن سکتا ہے۔ اگر حقیقی بحران کے دوران تینوں ارکان مختلف انداز میں ردعمل ظاہر کرتے ہیں تو معاہدے کی ڈیٹرنس صلاحیت نمایاں طور پر کم ہوجائے گی، کیونکہ دفاعی اتحاد اسی وقت مؤثر دفاعی قوت بنتا ہے جب ممکنہ مخالف کو اجتماعی ردعمل کے یقینی، یا کم از کم انتہائی زیادہ امکان کا یقین ہو۔

حاصل سخن

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سکیورٹی کے حوالے سے ایک بڑی تبدیلی کا نقطۂ آغاز بن سکتا ہے، تاہم اسے ایک مؤثر دفاعی اتحاد میں تبدیل ہونے کی صلاحیت ابھی ثابت ہونا باقی ہے۔

اس معاہدے کا سب سے بڑا مسئلہ فوجی طاقت کی کمی نہیں بلکہ اس کے ارکان کے مفادات، سکیورٹی خطرات اور اسٹریٹجک حسابات میں موجود اختلافات ہیں۔ حملے کی واضح تعریف کا فقدان، مشترکہ دفاع کے طریقہ کار کی غیر واضح تفصیلات، امریکہ پر اب بھی موجود نمایاں انحصار اور معاہدے کے مذہبی یا علاقائی صف بندی میں تبدیل ہونے کا خطرہ ایسے عوامل ہیں جو اس کی مؤثریت کو محدود کرسکتے ہیں۔ اس تناظر میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو کسی دور کے اختتام اور نئے سکیورٹی نظام کے آغاز کے بجائے ایک مشکل امتحان کے آغاز کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

اگر سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان اپنے سیاسی وعدوں کو حقیقی دفاعی میکانزم، فوجی رابطہ کاری اور مشترکہ فیصلہ سازی کے مؤثر نظام میں تبدیل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ معاہدہ خطے کا ایک اہم سکیورٹی ڈھانچہ بن سکتا ہے۔ بصورت دیگر خدشہ ہے کہ مکہ معاہدہ ایسا سیاسی اتحاد بن کر رہ جائے جس کی آواز اس کی عملی صلاحیت سے کہیں زیادہ بلند ہو اور جو خطے میں عدم تحفظ کم کرنے کے بجائے مشرق وسطی میں طاقت کی ایک نئی مسابقت کا حصہ بن جائے۔

News ID 1940674

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha