مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانسیسی بحریہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک کا جوہری طیارہ بردار بحری جہاز چارل دوگال جنوبی فرانس کے شہر تولون کے بحری اڈے پر لنگر انداز ہونے کے دوران آگ لگنے کے حادثے کا شکار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بحیرہ روم کے علاقے کی بحری کمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فرانسیسی جوہری طیارہ بردار بحری جہاز چارل دوگال جنوبی فرانس میں آگ لگنے کا شکار ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 11:30 بجے طیاروں کے ہینگر کے قریب واقع ایک تکنیکی کمرے میں آگ لگنے کا الارم فعال ہوا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ لگنے کے وقت جہاز پر کوئی طیارہ موجود نہیں تھا۔
بیان کے مطابق جہاز کے عملے نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کی کارروائی شروع کردی، جس کے بعد تولون بحری اڈے کی بحری فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بھی کارروائی میں شامل ہوگئیں اور کچھ دیر بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
چارل دوگال گزشتہ اگست کے اواخر سے تکنیکی مرمت کے مرحلے میں ہے اور یہ عمل آئندہ دسمبر کے آغاز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
چارل دوگال فرانس کا اس نوعیت کا واحد طیارہ بردار بحری جہاز ہے۔ فرانس اور امریکہ دنیا کے وہ واحد ممالک ہیں جن کے پاس جوہری توانائی سے چلنے والے طیارہ بردار بحری جہاز موجود ہیں۔
آپ کا تبصرہ