30 جون، 2026، 4:44 PM

دشمن پر اعتماد نہیں، جنگ بندی کی خلاف ورزی پر فوری جواب دیں گے، ایرانی قائم مقام وزیر دفاع

دشمن پر اعتماد نہیں، جنگ بندی کی خلاف ورزی پر فوری جواب دیں گے، ایرانی قائم مقام وزیر دفاع

قائم مقام وزیر دفاع نے قطری ہم منصب سے گفتگو میں کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ اور مسلم ممالک پر اعتماد کرتا ہے، مگر دشمن پر ہرگز نہیں، اور جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کا مناسب اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے قائم مقام وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل مجید ابن رضا نے کہا ہے کہ ایران دشمن پر اعتماد نہیں کرتا، اس کی انگلیاں ہمیشہ ٹریگر پر ہیں، اور جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری اور مناسب جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق بریگیڈیئر جنرل مجید ابن رضا نے قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدے کے لیے ثالثی کے عمل میں قطری حکومت کے کردار کو سراہا اور اس پر شکریہ ادا کیا۔

قائم مقام وزیر دفاع نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ امریکہ نے مختصر عرصے کے دوران متعدد مواقع پر جنگ بندی اور اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کو گزشتہ چھ سے سات دہائیوں کے دوران امریکہ کی مداخلت اور وعدہ خلافیوں کا طویل تجربہ ہے، اسی لیے ایران اور امریکہ کے درمیان بداعتمادی کی جڑیں تاریخی حقائق اور ایران کے خلاف مسلسل دشمنانہ رویوں میں پیوست ہیں۔

بریگیڈیئر جنرل ابن رضا نے حالیہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان حملوں میں شہید ہونے والے رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای، اعلیٰ فوجی کمانڈروں، معصوم شہریوں اور خصوصاً میناب ایلیمنٹری اسکول کے بچوں کی شہادت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا، اور یہ جرائم ہمیشہ کے لیے امریکی حکومت کی تاریخ کے سیاہ باب کا حصہ رہیں گے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران مسلم اور ہمسایہ ممالک، بالخصوص قطر، پر اعتماد کرتا ہے، لیکن دشمن پر ہرگز اعتماد نہیں کرتا اور اگر جنگ بندی کی شرائط کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی گئی تو اسلامی جمہوریہ ایران بلا تردد مناسب اور ضروری کارروائی کرے گا۔

گفتگو کے اختتام پر ایران اور قطر نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

News ID 1940070

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha