مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان پر اسرائیلی حملوں کے ساتھ ہی لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی مقامات اور فوجیوں کے اجتماع پر میزائل اور ڈرون حملے کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے وطی الخیام کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک اجتماع کو کئی میزائل داغ کر نشانہ بنایا۔ اسی طرح “یعرا” فوجی چھاؤنی پر خودکش ڈرونز کے ذریعے حملہ کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق شمالی قصبے “گورن” کے قریب اسرائیلی فوج کی توپ خانے کی پوزیشنوں کو بھی میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ شلومی نامی بستی میں موجود اسرائیلی فوجیوں کے اجتماع پر بھی میزائل اور ڈرون حملہ کیا گیا۔
حزب اللہ نے المطله بستی پر بھی میزائل داغے جبکہ برانیت چھاؤنی اور المرج نامی فوجی اڈے کے قریب اسرائیلی فوج کے اجتماع کو خودکش ڈرونز سے نشانہ بنانے کی اطلاع دی گئی۔ اسی طرح خیام جیل کے قریب موجود اسرائیلی فوجیوں کو بھی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
اس دوران اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ ڈرون کے ممکنہ داخلے کے خدشے کے باعث مغربی الجلیل سمیت کئی علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔ لبنان سے میزائل داغے جانے کے بعد بن گوریان ایئرپورٹ پر پروازیں بھی عارضی طور پر روک دی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان سے داغے گئے میزائلوں کے بعد اسرائیل کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بھی سائرن سنائی دیے گئے، جبکہ اشدود کے ساحلی علاقے کی طرف طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی نگرانی کی گئی۔ بعض علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
میڈیا رپورٹس یہ بھی بتایا گیا کہ حیفا شہر میں اسرائیلی فوجی ڈھانچے کو بھی میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا جبکہ بعض علاقوں میں اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی گئی۔
دوسری جانب الجزیرہ نے رپورٹ کیا کہ لبنان سے الجلیل کے علاقے کی طرف کم از کم چھ میزائل داغے گئے جس کے بعد کئی مقامات پر خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
آپ کا تبصرہ