مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد ضیف نے ایک آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب اور اسلامی ممالک کے عوام فلسطین کی آزادی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے آگے بڑھیں۔
اپنے دوسرے آڈیو پیغام میں محمد ضیف نے اسرائیل کے خلاف طوفان الاقصی آپریشن کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مسلمان فلسطین کے لئے ریلیاں اور مظاہرے شروع کریں اور مسجد اقصی کی آزادی میں اپنا حصہ ڈالنے سے پیچھے نہ رہیں۔
القدس العربی نے کہا ہے کہ محمد ضیف عرف ابوخالد نے عرب ممالک اور دیگر مسلمان اقوام کے نام اپنا دوسرا پیغام جاری کیا ہے۔
پیغام میں القسام کے کمانڈر نے اسلامی ممالک مصر، اردن، لبنان، الجزائر، مراکش، پاکستان، ملائیشیا اور انڈونیشیا سمیت پوری دنیا کے اسلامی ممالک کے عوام سے مخاطب ہوکر کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے سلسلے میں کوششوں کا آغاز کریں اور مسجد اقصی کی آزادی کی تحریک میں شامل ہونے سے خود کو محروم نہ کریں۔
ان کا یہ پیغام صہیونی حکومت کے اس دعوے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں صہیونی حکومت نے القسام کے اعلی کمانڈر مروان عیسی کو شہید کرنے کا دعوی کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ