مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے نئے میزائل شہر کی رونمائی کے حوالے سے کہا ہے کہ نئے میزائل شہر، دشمنوں کے لیے ایران کا واضح پیغام ہے اور اس بار جنگ کا جغرافیہ ایران کی مسلح افواج طے کریں گی۔
ڈاکٹر قالیباف کے مکمل بیان کا متن درج ذیل ہے:
بسم الله الرحمٰن الرحیم
سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی فضائی و خلائی فورس کے نئے میزائل شہر کی رونمائی، ایران کی قومی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا ایک مظہر ہے۔ آج جس چیز کی نمائش کی گئی ہے، اس کے پیچھے سائنس دانوں اور انجینئروں کی برسوں کی محنت، کمانڈروں کی دوراندیشی اور ان مجاہدین کی شب و روز کی انتھک کوششیں شامل ہیں، جنہوں نے سخت ترین حالات میں بھی کام کو تعطل کا شکار نہیں ہونے دیا اور ایک بڑے اور اہم منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
میں ان تمام عزیزوں اور اپنے رفقائے کار، بالخصوص ان نوجوانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے مقامی علم و ٹیکنالوجی اور جہادی جذبے کے ساتھ اس کامیابی کے حصول میں کردار ادا کیا ہے۔ اسی طرح سپاہ کی فضائی و خلائی فورس کے شہداء، بالخصوص اپنے شہید بھائیوں، شہید حسن طہرانی مقدم، شہید امیرعلی حاجی زادہ، شہید محمود باقری اور اس فورس کے دیگر عزیز شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔
میں اپنے مجاہد بھائی سردار سید مجید موسوی کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ان مشکل دنوں میں ایک بڑی ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھائی اور عوام کے دلوں کو خوشی دے کر دشمن کی پسپائی کا سبب بنے۔ خدا قوت!
ان مجاہدین کی کاوشوں کی قدر و قیمت اس وقت مزید واضح ہو جاتی ہے، جب ہم جانتے ہیں کہ یہ سفر دباؤ، پابندیوں، فوجی و سلامتی کے خطرات اور جنگ کی آگ کے درمیان طے کیا گیا ہے۔ انہوں نے ثابت کر دکھایا کہ محدودیتوں اور جنگ کی آگ کے باوجود اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے پیچیدہ ترین ٹیکنالوجیز میں سے ایک کے میدان میں ملک کی طاقت کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
بلاشبہ یہ میزائل شہر پائیدار دفاعی بازدارندگی کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے؛ ایسی بازدارندگی جو دفاعی آمادگی، مسلسل ترقی اور قومی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے وجود میں آتی ہے اور دشمن کے ذہنوں میں مستحکم ہو جاتی ہے۔
اس عظیم کامیابی کا ان دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے، جو اب بھی ایرانی قوم سے فوجی دھمکیوں کی زبان میں بات کرتے ہیں:
اپنے اندازوں اور حساب کتاب میں غلطی نہ کریں۔
اگر آپ نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو ایران فوری اور آپ کے تصور سے باہر دفاعی کارروائی کرنے میں ذرا بھی تردد نہیں کرے گا۔
اس بار جنگ کا جغرافیہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج طے کریں گی۔
شہید طہرانی مقدم کی برسی اور یومِ فضائی و خلائی فورس کے موقع پر اس میزائل صلاحیت کی رونمائی نے بلاشبہ ایران کی ثابت قدم قوم کے دلوں کو بھی روشن کیا ہے اور ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ فرزندانِ ایران، دباؤ، دھمکیوں اور جنگ کی آگ کے باوجود اپنے عزیز وطن ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے سے غافل نہیں ہوتے۔
وَأُخْرَی تُحِبُّونَهَا نَصْرٌ مِنَ اللَّهِ وَفَتْحٌ قَرِیبٌ وَبَشِّرِ الْمُؤْمِنِینَ.
محمدباقر قالیباف
آپ کا تبصرہ