31 اکتوبر، 2026، 10:14 AM

امارات کے بے بنیاد دعوے کی حمایت کرکے کینیڈا خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہا ہے، بقائی

امارات کے بے بنیاد دعوے کی حمایت کرکے کینیڈا خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہا ہے، بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی جزائر کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے دعوے کی حمایت کرنے پر کینیڈا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا ایسا کرکے خود اس شاخ کو کاٹ رہا ہے جس پر وہ بیٹھا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کینیڈا کے مؤقف کے ردعمل میں لکھا کہ متحدہ عرب امارات 1971ء میں قائم ہوا، لیکن ابوموسی، تنب بزرگ اور تنب کوچک جزائر کے بارے میں وسیع تاریخی شواہد، جغرافیائی حقائق اور مستند دستاویزات موجود ہونے کے باوجود اس نے ان ایرانی جزائر پر ملکیت کا دعویٰ برقرار رکھا ہوا ہے، حالانکہ ان جزائر کا ایران سے تعلق متحدہ عرب امارات کے قیام سے ہزاروں سال پہلے کا ہے۔ کینیڈا کے وزیراعظم نے بھی اس بے بنیاد دعوے کو دہرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا کو کسی بھی دوسرے ملک سے بڑھ کر علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کی اہمیت کا ادراک ہونا چاہیے، کیونکہ اس ملک کی تاریخ 1812ء کی جنگ کے دوران امریکہ کے حملے، 1849ء میں مونٹریال کے الحاق کے اعلامیے اور حالیہ برسوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کو امریکہ کی 51ویں ریاست بنانے کی بار بار دی جانے والی دھمکیوں سے جڑی ہوئی ہے۔

بقائی نے سوال اٹھایا کہ جو ملک دو صدیوں سے زیادہ عرصے تک اپنے جنوبی ہمسایے کی توسیع پسندانہ خواہشات کے مقابلے میں اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے جدوجہد کرتا رہا ہے، وہ کس طرح ایک خودساختہ تنازع میں کسی ایک فریق کا ساتھ دے سکتا ہے اور ایسے بے بنیاد علاقائی دعوے کی حمایت کر سکتا ہے جو ایک خطرناک مہم جوئی کے مترادف ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ کیا علاقائی سالمیت اور تاریخی و قانونی حقائق کا احترام کینیڈا کے لیے بنیادی اصول ہیں یا ان اصولوں کی اہمیت صرف اسی وقت ہوتی ہے جب خود اس کی خودمختاری کو خطرہ لاحق ہو؟

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کینیڈا کو احساس نہیں کہ اس اقدام کے ذریعے وہ درحقیقت اسی شاخ کو کاٹ رہا ہے جس پر خود بیٹھا ہوا ہے۔

News ID 1942500

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha