مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی ڈیموکریٹس کانگریس کے وسط مدتی انتخابات میں کامیابی کی صورت میں جیفری ایپسٹین کے مقدمے کی نئی تحقیقات شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق، باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس کا خیال ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایپسٹین کیس میں ضروری اقدامات نہیں کیے اور اس سے متعلق دستاویزات منظر عام پر لانے میں ناکام رہی ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے نگرانی و احتساب کے رکن رابرٹ گارسیا نے اس حوالے سے کہا کہ ایپسٹین کیس کی تحقیقات ڈیموکریٹس کی اہم ترجیحات میں شامل ہوں گی۔
انہوں نے زور دیا کہ امریکی عوام اس مقدمے کے تمام پہلوؤں کو واضح کرنے، متعلقہ دستاویزات کی اشاعت اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
گارسیا نے اس امکان کو بھی مسترد نہیں کیا کہ جیفری ایپسٹین کے مالی لین دین سے متعلق بڑے بینکوں کے نمائندوں کو کانگریس میں طلب کیا جائے، تاکہ وہ اس معاملے پر وضاحت پیش کریں اور اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔
جیفری ایپسٹین ایک امریکی سرمایہ کار تھا جس کے خلاف جنسی جرائم اور کم عمر افراد کی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت کارروائی کی گئی تھی۔ وہ 2019 میں دوران حراست ہلاک ہوگیا تھا۔ سیاسی اور معاشی شعبوں کی بااثر شخصیات کے ساتھ اس کے وسیع روابط اور جنسی استحصال کے نیٹ ورک کے بارے میں اٹھنے والے سوالات کے باعث اس کا مقدمہ اب بھی امریکی عوام کی توجہ کا مرکز ہے۔
آپ کا تبصرہ