مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی علاقے الخلیل کے شمالی داخلی راستے پر جمعے کی صبح فائرنگ کے واقعے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے اپنی جماعت لیکود پارٹی کی آج ہونے والی تمام انتخابی سرگرمیاں منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق، اس واقعے میں دو فلسطینی شہید جبکہ چھ اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے دونوں مسلح افراد الخلیل کے رہائشی تھے۔
عبرانی میڈیا کے مطابق، اسرائیلی ویب سائٹ والا نے ابتدائی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دو فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوجیوں کو اچانک نشانہ بنایا اور فوجیوں کے ان کے قریب پہنچنے پر فائرنگ شروع کر دی۔
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ چیف آف اسٹاف نے وسطی علاقے میں فوجی نفری بڑھانے کی ہدایت جاری کی ہے اور الخلیل شہر سمیت اس کے اطراف کے دیہات میں مکمل سکیورٹی حصار قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔ فوج نے الخلیل میں سکیورٹی حصار قائم کرنے کی بھی تصدیق کی۔
اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے بھی کہا کہ انہوں نے سکیورٹی فورسز کو الخلیل کا محاصرہ کرنے اور مغربی کنارے کو مکمل طور پر بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔
دوسری جانب، حماس نے الخلیل کی کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسرائیلی حکومت کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ مزاحمت جاری رہے گی اور فلسطینی سرزمین اور مقدسات پر قبضے کے خاتمے تک مزید مضبوط ہوتی جائے گی۔
فلسطینی اسلامی جہاد کی عسکری شاخ سرایا القدس نے بھی اس کارروائی کو قابض اسرائیلی فورسز کے جرائم اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے پُرتشدد اقدامات کا فطری اور جائز ردعمل قرار دیا۔
آپ کا تبصرہ