مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات کے خلاف میزائل اور ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے۔
المسیرہ کے مطابق یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنعاء اور دیگر صوبوں پر کیے جانے والے حملوں کے جواب میں ریاض میں آرامکو کے خلاف فوجی کارروائی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں متعدد بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا اور حملوں نے اپنے مقررہ اہداف کو براہ راست اور درست طور پر نشانہ بنایا۔
جنرل یحیی سریع کے مطابق حملے کے نتیجے میں ریاض میں آرامکو کی نشانہ بنائی گئی تنصیبات میں آگ بھڑک اٹھی۔
یمنی مسلح افواج کے بیان میں خبردار کیا گیا کہ یمنی عوام کے خون کو نظرانداز کرنے کی قیمت بھاری ہوگی اور سعودی فریق کو جان لینا چاہیے کہ یمنی عوام کا قتل عام جاری رکھنے کی اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے مزید کہا کہ یمن محاصرے کے مقابلے میں محاصرہ اور کشیدگی کے مقابلے میں کشیدگی کی حکمت عملی جاری رکھے گا۔
جنرل یحیی سریع نے آخر میں اعلان کیا کہ یمنی افواج سعودی عرب سے وابستہ فوجی اہلکاروں اور مدد کے مراکز کو اس وقت تک نشانہ بناتی رہیں گی جب تک یمن پر حملے بند اور اس کا محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا۔
آپ کا تبصرہ