مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائیاں سعودی عرب کی جانب سے یمن کے خلاف جاری حملوں، فضائی بمباری اور صنعاء کو نشانہ بنانے کی کوششوں کے جواب میں کی گئیں۔
یحییٰ سریع نے بتایا کہ پہلی کارروائی میں سعودی دارالحکومت ریاض میں حساس اہداف کو متعدد بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جبکہ دوسری کارروائی میں ینبع میں واقع سعودی آرامکو کی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کارروائیاں کامیاب رہیں اور نشانہ بنائے گئے مقامات پر بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے سعودی ذرائع ابلاغ کے ان دعوؤں کو مسترد کیا جن میں یمنی حملوں کے دوران شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کا تعلق سعودی فضائی دفاعی نظام کی ناکام کارروائیوں سے ہے۔
یحییٰ سریع نے مزید کہا کہ یمنی مسلح افواج ’’محاصرے کے بدلے محاصرہ‘‘ اور ’’کشیدگی کے بدلے کشیدگی‘‘ کی پالیسی پر عمل جاری رکھیں گی اور سعودی حمایت یافتہ فورسز کے مراکز کو اس وقت تک نشانہ بناتی رہیں گی جب تک یمن کے خلاف کارروائیاں اور محاصرہ ختم نہیں ہو جاتا۔
آپ کا تبصرہ