مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، دنیا کے متعدد شہروں اور دارالحکومتوں میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ کی پٹی میں صیہونی جرائم کی مذمت میں مظاہرے ہوئے۔
مظاہرین نے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے اور انسانی امداد کی ترسیل کا مطالبہ کیا۔
انڈونیشیا
اس ملک میں ہزاروں لوگ جاوا کے جزیرے پر غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے۔ مظاہرین نے غزہ کے باشندوں کے خلاف صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیت کی مذمت کی جب کہ فلسطینی عوام کی حمایت میں نعرے لگائے۔
ریلی کے شرکاء نے صیہونی رژیم کی حمایت کرنے والی کمپنیوں کی تیار کردہ مصنوعات کے اقتصادی بائیکاٹ کو جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔
فرانس
ملک کے دارالحکومت پیرس میں شہریوں نے غزہ میں جاری نسل کشی کے خاتمے اور صیہونیوں کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے بھرپور احتجاج کیا۔
مظاہرین نے غزہ میں مقیم فلسطینیوں کے لیے انصاف جب کہ صہیونی حکام کے خلاف بین الاقوامی عدالتوں میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔
فرانسیسی شہریوں نے غزہ کی پٹی میں جنگ کے فوری خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔
جرمنی
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں سینکڑوں مظاہرین نے عالمی برادری کی خاموشی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کی بھرپور مذمت کی۔
جرمنی کے متعدد شہروں میں، ہزاروں مظاہرین نے صیہونی حکومت کو برآمدات روکنے، جنگ کے خاتمے، امن کے حصول اور تشدد کی مخالفت میں نعرے لگائے۔
شہریوں نے بین الاقوامی قوانین کے احترام پر زور دیتے ہوئے جرمن حکومت کو اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے استقبال پر متنبہ کیا۔
ڈنمارک
ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھاکر غزہ کے عوام کے حمایت میں نعرے لگائے۔
مظاہرین نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن میں غزہ کی جنگ اور بچوں اور خواتین کے قتل عام ہر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کی گئی تھی۔
جاپان
گزشتہ روز ٹوکیو میں فلسطین کی حمایت میں ایک ریلی نکالی گی، جس میں غزہ کی پٹی میں جاری نسل کشی کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔
مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور غزہ میں ہونے والے قتل عام کی مذمت والے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔
ریلی کے شرکاء نے ڈھول بجاتے ہوئے دریا سے سمندر تک فلسطین کی آزادی کے لیے نعرے لگائے۔
برطانیہ
اس ملک میں مانچسٹر شہر میں مظاہرین نے فلسطین کاز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک ریلی میں شرکت کی اور غزہ کی پٹی میں اسرائیلی مظالم اور وحشیانہ جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکام کو نسل کشی کے لیے جوابدہ ٹھہرائے۔
اٹلی
اٹلی کے شہر میلان میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے جہاں ریلی کے شرکاء نے غزہ میں صیہونی حکومت کی نسل کشی بند کرنے، فلسطینیوں کی ان کی سرزمین سے بے دخلی کو روکنے نیز فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
نیدرلینڈز
ہالینڈ کے شہر اسکوئڈم میں جنگ مخالف سینکڑوں مظاہرین نے صیہونی رژیم کے ہاتھوں غزہ کے باشندوں کی قتل عام کی مذمت کی۔
ریلی کے شرکاء نے فوری جنگ بندی، کراسنگ کھولنے اور غزہ کے عوام کو فوری امداد بھیجنے کا مطالبہ کیا۔
آپ کا تبصرہ