مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یکم فروری سے ایران کے اسلامی انقلاب کی فتح کا چوالیسواں عشرہ فجر شروع ہوگیا ہے۔ یکم فروری وہ دن ہے جب امام خمینی اپنی جلاوطنی سے وطن واپس آئے تھے۔ اس حوالے سے مرکزی تقریب تہران میں امام خمینی ﴿رہ﴾ کے مزار پر ہو رہی ہے جس سے پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خطاب کیا۔
اسپیکر نے امام کی وطن آمد اور انقلاب کی چوالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن امام اور امت کا باہمی دیدار ہمیشہ کے لیے ہمارے ملک کی تاریخ کا یادگار ترین لمحہ رہے گا۔ انہوں نے اس موقع پر شہدا بشمول انقلاب کے شہدا، دفاع مقدس کے شہدا، مدافع حرم شہدا اور خاص طور پر شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہی شہیدوں کے خوک کی بدولت ہمارے ملک کو سلامتی کی نعمت ملی ہے لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم انقلاب، اسلام اور امام کے راستے پر اور رہبر معظم کی مدبرانہ قیادت کی زیر نگرانی اپنی سفر کو جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے اسلامی معاشروں میں جدو جہد اور اتحاد کی روح پھونکی اور آج اسلام کی عزت و وقار اور اس کی تجدید حیات امام خمینی اور شہداء کی قربانیوں کے مرہون منت ہے۔ ہم آج امام اور شہدا کے مزاروں کے جوار میں ہوئے ہیں تاکہ ان سے تجدید بیعت کریں۔
قالیباف نے کہا کہ یہ انقلاب عوامی انقلاب ہے اور اس انقلاب کے حقیقی وارث عوام ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ انقلاب کے معین کردہ اہداف جن کے حصول کی جدوجہد ہم سب کا فریضہ ہے، خودمختاری، آزادی اور عدل و انصاف ہیں۔ ہم نے ان اہداف کے لئے بڑی سنگین قیمت ادا کی ہے اور یقیناً ابھی جس طرح سوچا گیا تھا ان اہداف کو حاصل نہیں کیا گیا تاہم ہم اس راہ پر گامزن ہیں اور دینی بالادستی کے تحت اپنی حرکت کو جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ عوام کے بغیر انقلاب کوئی معنی نہیں رکھتا، انقلاب عوام کی موجودگی کے بغیر اسلامی نہیں اور عوام اس انقلاب کی اساس اور بنیاد ہیں کیونکہ یہ عوام ہی ہیں جو میدان عمل میں موجود ہیں اور اسلامی احکامات پر عمل پیرا ہیں۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ 44 سالوں کی تاریخ گواہی دیتی ہے کہ ہم نے جہاں بھی استقامت اور پائیداری دکھائی وہیں ہمیں کامیابی نصیب ہوئی۔
آپ کا تبصرہ