مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لاطینی امریکی خطے کے دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بدھ کی شب اپنے نکاراگوا کے ہم منصب ڈینس مونکاڈا سے ملاقات جس میں تہران-ماناگوا تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امیر عبداللہیان نے کہا کہ لاطینی امریکہ کے علاقے میں ایران کے دوستوں اور اتحادیوں کو اہمیت دینا ایرانی حکومت کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے ایران اور نکاراگوا کے دوطرفہ تعلقات میں تیزی لانے پر زور دیا۔
انہوں نے سائنس، ٹیکنالوجی اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک سیاسی آزادی کی بدولت موجودہ بین الاقوامی نظام میں کثیرالجہتی نظام قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دونوں ملکوں پر عائد غیر قانونی پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ پابندیاں دہشت گردی کا ایک آلہ ہیں جنہیں استکبار آزاد اور خودمختار ملکوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔
نیکاراگوا کے وزیر خارجہ ڈینس مونکاڈا کولنڈریس نے کہا کہ نکاراگوا، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے ملک پر عائد پابندیوں اور مغربی طاقتوں کی ناجائز جارحیت کے خلاف ایران کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات میں نیکاراگوا کے سرمایہ کاری، تجارت اور بین الاقوامی تعاون کے لیے صدر کے سینئر معاون لورانو اورٹیگا بھی موجود تھے اور ملاقات کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون اور سیاسی مشاورت کے طریقہ کار پر ایک مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے.
آپ کا تبصرہ