مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چینی نائب وزیر خارجہ نے ایرانی نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور مجید تخت روانچی سے ملاقات کی، جو ایران-چین-سعودی عرب سہ فریقی اجلاس کے تیسرے دور میں شرکت کے لیے تہران پہنچے ہیں۔
اس ملاقات میں تخت روانچی نے دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری اور ایران و چین کی قیادت کے تعلقات کو ہمہ جہتی طور پر فروغ دینے کے عزم کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایران تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور 25 سالہ جامع تعاون منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مغربی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے چین کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون و ہم آہنگی کا خیرمقدم کیا۔
چینی نائب وزیر خارجہ نے بھی اس بات پر زور دیا کہ ایران و چین بین الاقوامی اور علاقائی حالات سے قطع نظر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چین ایران اور سعودی عرب کے درمیان جامع تعاون کو مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے دوطرفہ و سہ فریقی فارمیٹ میں اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، جن میں ایرانی جوہری فائل کی تازہ ترین صورتحال، 2026 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 55ویں سالگرہ، اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) و بریکس (BRICS) سمیت بین الاقوامی و علاقائی تنظیموں میں قریبی روابط کے ذریعے کثیرالجہتی کو فروغ دینا شامل ہے۔
آپ کا تبصرہ