مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بیلاروس کے وزیر صنعت آندرے کوزنیٹسوو نے کہا ہے کہ منسک ایران کے ساتھ مشترکہ دواساز کارخانوں کی تعمیر میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ایران-بیلاروس مشترکہ اقتصادی تعاون کمیشن کا 18واں اجلاس ہوا جس میں ایران کے وزیرِ صنعت، معدن و تجارت محمد اتابک بھی شریک تھے۔
کوزنیٹسوو نے زور دیا کہ بیلاروس ایران کے ساتھ طبی اور دواساز مصنوعات کی مشترکہ پیداواری لائن قائم کرنے کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تازہ پھل و سبزیوں، طبی اور دواسازی اور دوسرے شعبوں میں دوطرفہ منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے سازگار مواقع موجود ہیں۔
بیلاروس کے وزیر صنعت نے تہران اور منسک کے دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تربیتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے راہیں ہموار ہوچکی ہیں۔ بیلاروس ایران کے ساتھ ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
ادھر ایران کے ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے سربراہ محمد علی دہقان دہنوی نے کہا کہ ان کی تنظیم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے بیلاروس کی تجاویز اور اقدامات کا خیرمقدم کرتی ہے۔
آپ کا تبصرہ