مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ تہران ایک ایسے خطے کا خواہاں ہے جو بیرونی طاقتوں کی مداخلت سے آزاد اور مستحکم ہو۔
تہران میں سعودی نائب وزیر خارجہ ولید الخرجی اور چینی نائب وزیر خارجہ میاؤ ڈیو سے ملاقات کے دوران انہوں نے چین کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی پالیسی پر کاربند ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں مثبت رجحان دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی سطح پر مشاورت سے مزید مضبوط ہورہا ہے۔
انہوں نے چین کے کردار کو عالمی امن و استحکام کے فروغ اور کثیرالجہتی نظام کے تحفظ کے لیے نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ ایران اور چین اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے تمام مواقع بروئے کار لانے کے خواہاں ہیں۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام تمام ممالک کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔ ایران ایک مضبوط اور مستحکم خطے کا خواہاں ہے جو بیرونی طاقتوں کی منفی مداخلت سے محفوظ ہو۔
چین اور سعودی عرب کے وفود کے سربراہان نے سہ فریقی اجلاس میں ایران کی میزبانی کو سراہا اور ایران کے ساتھ ہر شعبے میں تعلقات بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔
آپ کا تبصرہ