مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں 2 فلسطینی نوجوان شہید جب کہ 2 سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق غزہ پٹی میں صیہونی فورسز نے ہزاروں فلسطینی مظاہرین پر آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا بے دریغ استعمال کیا اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید اور 270 فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے دو فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا ہے کہ 250 سے زائد شہریوں کو اسپتال لایا گیا جن میں خواتین، بزرگ اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت نہایت نازک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ 30 مارچ سے اب تک ہر جمعہ کو کیے جانے والے مظاہروں میں اسرائیلی فوجیوں کی براہ راست گولیوں سے شہید ہونے والوں کی تعداد 3 سو کے قریب پہنچ گئی ہے۔
آپ کا تبصرہ