13 نومبر، 2026، 8:43 PM

ایران کو اپنے دفاع کا مکمل قانونی حق حاصل ہے، عراقچی کا انتباہ

ایران کو اپنے دفاع کا مکمل قانونی حق حاصل ہے، عراقچی کا انتباہ

ایرانی وزیرِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ایران مسلح حملے کے جواب میں اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 51 کے تحت حقِ دفاعِ مشروع رکھتا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی مقررہ شرائط و حدود کے مطابق اس حق کو استعمال کر سکتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور وہ اس حق کو استعمال کر سکتا ہے۔

عراقچی نے جاپانی خبررساں ادارے کیوڈو کے لیے اپنے مضمون بعنوان ’’اقوام متحدہ کا منشور زیرِ حملہ؛ امریکہ کے ایران پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کیوں ہیں؟‘‘ میں لکھا کہ اگر ممالک کو مستقبل کے ممکنہ خطرات کی بنیاد پر ایک دوسرے پر حملے کی آزادی دے دی جائے تو بین الاقوامی قانونی نظام کی کیا حیثیت باقی رہ جائے گی؟ ان کے مطابق طاقت کا استعمال قانون کے تابع ہے اور کوئی بھی ملک، خواہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، بین الاقوامی قوانین سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر فوجی حملوں کو اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی اور ایران کی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کا جائزہ سیاسی جواز کے بجائے بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں لیا جانا چاہیے۔

عراقچی کے مضمون کے اہم نکات درج ذیل ہیں:

- طاقت کے استعمال پر پابندی: اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 2، شق 4 کے مطابق کسی ملک کی علاقائی سالمیت یا سیاسی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی ممنوع ہے۔

- پیشگی حملے کا کوئی قانونی جواز نہیں: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر اور مستقبل کے ممکنہ خطرات کی بنیاد پر فوجی کارروائی کو حقِ دفاع قرار نہیں دیا جا سکتا۔ منشور کی دفعہ 51 مسلح حملے کی صورت میں دفاعِ مشروع کا حق تسلیم کرتی ہے۔

- امریکی حلقوں میں بھی اعتراضات: عراقچی نے امریکی انجمن برائے بین الاقوامی قانون کی شاخ کے سربراہ کے 6 مارچ 2026 کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے فرضی خطرات فوجی طاقت کے استعمال کا قانونی جواز نہیں بن سکتے۔

- غیر فوجی تنصیبات پر حملے: ایرانی اسکولوں، کھیلوں کے میدانوں، شہری بنیادی ڈھانچے اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں موجود جوہری تنصیبات پر حملوں کے حوالے سے بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں کے سوالات بھی اٹھتے ہیں۔ جنگ میں شہریوں اور فوجی اہداف کے درمیان فرق کرنا اور شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازم ہے۔

- امریکہ کی بین الاقوامی ذمہ داری: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 3314 میں دوسرے ملک کی سرزمین پر حملے اور اس کی بندرگاہوں یا ساحلی علاقوں کی ناکہ بندی کو جارحیت کی مثالوں میں شمار کیا گیا ہے۔ عراقچی کے مطابق غیر قانونی فوجی کارروائی پر امریکہ بین الاقوامی ذمہ داری کا پابند ہے، جس میں خلاف ورزی روکنا، آئندہ ایسے اقدامات نہ کرنے کی ضمانت دینا اور نقصانات کا مکمل ازالہ کرنا شامل ہے۔

- دیگر ممالک کی ذمہ داریاں: بین الاقوامی قوانین کے تحت دیگر ممالک بھی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے قانونی اقدامات میں تعاون کرنے، ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی غیر قانونی صورتِ حال کو تسلیم نہ کرنے اور اس کے تسلسل میں مدد فراہم کرنے سے گریز کرنے کے پابند ہیں۔

عراقچی نے واضح کیا کہ ایران مسلح حملے کے جواب میں اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 51 کے تحت حقِ دفاعِ مشروع رکھتا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی مقررہ شرائط و حدود کے مطابق اس حق کو استعمال کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف ایران کی سلامتی یا مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کے توازن تک محدود نہیں بلکہ پورے بین الاقوامی قانونی نظام کی ساکھ کا مسئلہ ہے۔ اگر فوجی طاقت کو قانون پر فوقیت دے دی گئی اور جارحیت کے ذمہ دار ممالک کو جواب دہی سے بچنے دیا گیا تو کسی بھی ملک کی سلامتی یقینی نہیں رہ سکے گی۔

عراقچی نے زور دیا کہ امریکہ کی جارحیت کا خاتمہ، ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور غیر قانونی فوجی کارروائیوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ سیاسی خیرسگالی نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون کے لازمی تقاضے ہیں۔

News ID 1942830

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha