مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین سید محمد حسن ابوترابی فرد نے کہا ہے کہ ایران نے اپنی دفاعی اور میزائل طاقت کے ذریعے خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دشمن کی جارحیت کا جواب اس انداز میں دیا جانا چاہیے کہ اسے حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے۔
حجت الاسلام والمسلمین ابوترابی فرد نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یومِ شہادت کے موقع پر نماز جمعہ کے خطبوں میں ایران کی دفاعی صلاحیتوں، میزائل پروگرام اور خطے کی سیاسی و سلامتی کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے ہفتۂ فضائیہ و خلائی ٹیکنالوجی اور ایرانی میزائل صنعت کے بانی شہید حسن طہرانی مقدم کی برسی کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید طہرانی مقدم، شہید حاجی زادہ اور دیگر کمانڈروں کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں ایران دنیا کے بڑے میزائل ذخائر رکھنے والے ممالک میں شامل ہوا ہے۔ ان کی علمی صلاحیتوں اور دفاعی منصوبہ بندی نے ایران کی دفاعی قوت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی دفاعی حکمت عملی کا بنیادی مقصد دشمن کو جارحیت کی ایسی قیمت ادا کرنے پر مجبور کرنا ہے جو اس کے لیے ناقابل برداشت ہو۔ اسی مقصد کے تحت جدید، درست نشانہ لگانے والے اور دورانِ پرواز راستہ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل تیار کیے گئے ہیں۔ ایران کی فضائی و خلائی صنعت نے سیٹلائٹ، راکٹ اور انہیں خلا میں بھیجنے کے نظام کی تیاری میں بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
امام جمعہ تہران نے کہا کہ سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی فضائی و خلائی فورس کی میزائل صلاحیتوں اور نئے میزائل شہر کی رونمائی ایران کی دفاعی تیاریوں کا مظہر ہے۔ ان کے مطابق مغربی ایشیا اس وقت بڑی سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے اور خطے میں امریکہ کی بالادستی کمزور پڑ رہی ہے۔
حجت الاسلام ابوترابی فرد نے کہا کہ ایران ایک ابھرتی ہوئی ثقافتی، سیاسی اور فوجی طاقت کے طور پر خطے کے عوام اور محورِ مزاحمت کے حق میں طاقت کا توازن تبدیل کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے غزہ کے عوام، حزب اللہ لبنان اور یمن کی مزاحمتی قوتوں کی ثابت قدمی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے امریکی خارجہ تعلقات کونسل کے سربراہ مائیکل فرومن کے ایک مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کی موجودگی اب خود علاقائی ممالک کی سلامتی کے لیے ایک سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ ان کے بقول مستقبل میں خطے کا سلامتی نظام علاقائی ممالک کے باہمی تعاون سے تشکیل پانا چاہیے۔
انہوں نے تہران میں سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے اعلیٰ حکام کی شرکت سے منعقد ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے اسے خطے کے مستقبل کے لیے مشترکہ سلامتی نظام کی تشکیل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
امام جمعہ تہران نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپؑ کو خصوصی مقام عطا فرمایا اور آپؑ کو ’’اُمِّ اَبیہا‘‘ کے لقب سے یاد کیا۔
آپ کا تبصرہ