مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران پر مسلط آٹھ سالہ جنگ کے دوران شہید ہونے والے 110 گمنام شہداء کے پیکر مطہر کی آخری رسومات آج جمعہ 13 نومبر کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کے موقع پر تہران میں شروع ہوئیں۔
تہران میں یہ تقریب یونیورسٹی آف تہران کے مرکزی دروازے کے سامنے شروع ہوئی، جس میں عوام کے مختلف طبقات، شہداء اور ایثارگران کے اہل خانہ اور اعلیٰ سرکاری و عسکری حکام نے شرکت کی۔ صدر مسعود پزشکیان اور میجر جنرل وحیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دفاع مقدس کے 350 شہداء کی ملک گیر سطح پر آخری رسومات کا آغاز بھی جمعہ کے روز ہوا، جن میں بڑی تعداد میں عوام شریک ہورہے ہیں۔ ان شہداء کے پیکر فکہ، شرہانی، شلمچہ، جزیرہ مجنون، مہر ان، مشرقی دجلہ اور چیلات کے سابقہ محاذوں سے برآمد کیے گئے ہیں۔
تہران کے علاوہ مزید 240 گمنام شہداء کے پیکر ملک کے مختلف علاقوں میں جلوسِ جنازہ کی صورت میں لے جائے جارہے ہیں، جہاں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔
صدر پزشکیان کی شرکت
تقریب شروع ہونے سے کئی گھنٹے قبل ہی سوگواروں اور زائرین کی بڑی تعداد تہران کی انقلاب اور حافظ سڑکوں پر جمع ہونا شروع ہوگئی تھی۔ جلوس کے راستے میں عزاداری کے مراکز بھی قائم کیے گئے تھے، جہاں شرکاء کی خدمت کا انتظام کیا گیا۔
شہداء کے پیکر مخصوص گاڑیوں پر رکھے گئے اور فوجی بینڈ کی دھنوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا۔ معاشرے کے مختلف طبقات کی بڑی تعداد میں شرکت کو شہداء سے ایرانی عوام کی وابستگی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر صدر کے دفتر کے سربراہ حاجی میرزائی نے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایران کا دفاع کیا اور ملک کو سربلندی و اقتدار عطا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی پختگی، آگاہی اور حالات کی گہری سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا ہے اور اختلاف رائے کے باوجود اتحاد و یکجہتی برقرار رکھی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ جنرل وحیدی کی شرکت
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام کا اتحاد اور یکجہتی دشمنوں کو مایوس کرے گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسن زادہ نے بھی کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کو جان لینا چاہیے کہ شہداء کے پیکروں کے استقبال کے لیے عزم و استقامت کے ساتھ آنے والے عوام نے مزاحمت اور ثابت قدمی کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔
آپ کا تبصرہ