مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر "ڈاکٹر مسعود پزشکیان" اپنے تین روزہ دورے پر آج صبح عراق پہنچ گئے ہیں۔ جہاں انہوں نے ابھی کچھ دیر قبل بغداد کے گرین زون میں واقع صدارتی محل میں عراقی صدر "عبداللطیف رشید" سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں مختلف علاقائی و بین الاقوامی امور بالخصوص غزہ میں فلسطینیوں کی ہونے والی نسل کشی کے حوالے سے تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان عراقی وزیر اعظم کی خصوصی دعوت پر تین روزہ دورے پر بغداد پہنچ گئے ہیں۔
بغداد ائیرپورٹ پر عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے صدر پزشکیان کا استقبال کیا۔
بغداد روانگی سے پہلے مہر آباد ائیرپورٹ پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوست اور ہمسایہ ملک عراق کے ساتھ ایران کے مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عراق سمیت تمام مسلمان ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات قائم کرے۔
دورے کے دوران اعلی سیاسی اور اقتصادی وفد بھی صدر پزشکیان کے ہمراہ ہوگا۔
صدر پزشکیان بغداد میں عراقی وزیراعظم کے علاوہ عراقی پارلیمنٹ اور عدلیہ کے سربراہان کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔
آپ کا تبصرہ