مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی جہادی تنظیم تحریک جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے ایران کے نئے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی اور ان کو ایران کے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔
النخالہ نے اس ملاقات کو ان عناصر اور افراد کے لئے خصوصی پیغام کا حامل قرار دیا جو ایران اور مقاومت کے درمیان دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر صدر پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کی فلسطین کے مظلوم عوام اور آزادی بیت المقدس کے بارے میں موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ایران مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا اور حکومت کی تبدیلی سمیت کوئی بھی اس ارادے کو متزلزل نہیں کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں صہیونی حکومت کے مظالم کو روکنے کے لئے اسلامی ممالک کے درمیان پہلے سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے۔ ایران مسلمان ممالک اور عالمی سطح پر ہر فورم پر غزہ کے مظلوم عوام کے حقوق کے بارے میں آواز بلند کرتا رہے گا۔
ملاقات کے دوران زیاد النخالہ نے کہا کہ آپ کی حلف برداری کے موقع پر مقاومتی رہنماوں کے ساتھ ملاقات سے اچھا پیغام جائے گا۔ فلسطینی عوام خطے میں استکباری طاقتوں کے سامنے مقاومت کررہے ہیں۔ ایران کی جانب سے وسیع حمایت فلسطینی عوام کے مضبوط سہارا ہے۔ فلسطینی عوام ایران کی اس حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
آپ کا تبصرہ