28 اکتوبر، 2026، 10:42 PM

ٹرمپ کا اسلام آباد مفاہمت کی خلاف ورزی کا اعتراف امریکہ کے لیے دوہری رسوائی ہے، بقائی

ٹرمپ کا اسلام آباد مفاہمت کی خلاف ورزی کا اعتراف امریکہ کے لیے دوہری رسوائی ہے، بقائی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اسلام آباد مفاہمت پر عمل نہ کرنے کا کھلا اعتراف ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ واشنگٹن اپنے وعدوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی کوئی پروا نہیں کرتا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جنگ کے خاتمے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعتراف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعتراف امریکہ کے اقدامات کا دفاع کرنے والوں کے لیے دوہری رسوائی ہے۔

بقائی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ٹرمپ کا یہ اعتراف کہ انہیں کبھی بھی اسلام آباد معاہدے پر یقین نہیں تھا اور وہ اسے وقت کا ضیاع سمجھتے تھے، ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ اپنے وعدوں اور معاہدوں کی بالکل پروا نہیں کرتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں، کیونکہ واشنگٹن کی جانب سے معاہدوں کی خلاف ورزی کی ایک طویل تاریخ ہے۔ امریکہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو ایک ایسی عارضی شے سمجھتا ہے جسے جب بھی پورا کرنا اس کے لیے ناپسندیدہ یا مشکل ہوجائے تو وہ اسے آسانی سے ایک طرف رکھ دیتا ہے۔

بقائی نے مزید کہا کہ اس کے باوجود کوئی جواز موجود نہیں کہ یورپی ممالک اور واشنگٹن کے اقدامات کا دفاع کرنے والے دیگر حلقے امریکہ کے خلاف قانون اقدامات کو درست ثابت کرنے اور اسے جواب دہی سے بچانے کا سلسلہ جاری رکھیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ وعدوں اور ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کا جواز پیش نہیں کیا جا سکتا، بین الاقوامی قانون پر اپنی مرضی کے مطابق عمل درآمد نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی سیاسی پروپیگنڈے یا حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے ذریعے واشنگٹن کو اس کی خلاف ورزیوں پر جواب دہی سے بری الذمہ قرار دیا جا سکتا ہے۔

News ID 1942434

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha