مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی تحریک فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام ایک پیغام میں اسلامی انقلاب کی چوالیسویں سالگرہ کے موقع پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
النخالہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی انقلاب نے خطے کا چہرہ بدل کر رکھ دیا اور پوری دنیا میں عظیم اثرات چھوڑے اور اپنی سیاست میں موثر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی فتح کے ساتھ ہی حق کی ایک علامت وجود میں آگئی، حریت پسندوں کو جائے پناہ ملی اور انقلاب آزادی اور حریت کے متلاشی تمام انسانوں کے لیے ایک اونچا جھنڈا بنا۔
النخالہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ انقلاب اسلامی نے مجاہد اور مظلوم فلسطینی عوام کی حقیقی حمایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے فلسطینی عوام اور ان کی مزاحمت تمام چیلنجوں کے باوجود اور صہیونی دشمن کو امریکہ اور مغرب کی طرف سے ملنے والی تمام حمایت کے باوجود آج پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔
جہاد اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج ہم فتح کے قریب ہیں ان شاء اللہ۔ محاصرے اور استکبار کے باوجود ہماری سرزمین فلسطین میں ہمارے مجاہدین صہیونی غاصب فوجوں کے خلاف اپنی بہادری کا ثبوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے رہنما اب اپنے وجود کے خاتمے کے امکان کے بارے میں تشویش کے ساتھ بات کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ