مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی میڈیا نے ہفتے کے روز مسقط میں ہونے والے ایران اور امریکہ کے مذاکرات سے متعلق بعض تفصیلات جاری کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی اور امریکی وفود ہفتے کو دوپہر سے قبل عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچیں گے۔ بعد ازاں دونوں فریق عمانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد بالواسطہ مذاکرات کا آغاز کریں گے۔
ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کریں گے، جبکہ امریکی وفد کی سربراہی مشرق وسطی کے لیے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکاف کریں گے جبکہ عمانی وزیر خارجہ دونوں فریقوں کے درمیان پیغامات کی ترسیل میں ثالث کا کردار ادا کریں گے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ براہ راست مذاکرات نہ ہونے کی صورت میں وٹکاف کے دورہ عمان کی منسوخی کی خبر کی تصدیق شدہ نہیں ہے۔
قبل ازیں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایکس پر کہا تھا کہ ہم سنجیدگی اور احتیاط کے ساتھ سفارتکاری کو حقیقی موقع دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو اس فیصلے کی قدر کرنی چاہیے، جو ان کے جارحانہ اور غیر سنجیدہ رویے کے باوجود کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم کوئی پیشگی فیصلہ نہیں کرتے، نہ ہی پیشگوئی کرتے ہیں، ہم ہفتے کو دوسری جانب کے ارادے اور سنجیدگی کا جائزہ لیں گے اور اسی کے مطابق غور و فکر کے بعد ردعمل دیں گے۔
آپ کا تبصرہ