مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) کی ترجمان جولیٹ ٹوما کا کہنا تھا کہ کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کے باعث رابطے کٹ جانے سے جمعے کے روز سے غزہ کیلئے غذائی اشیاء سمیت دیگر امدادی سامان کی ترسیل بند کرنی پڑ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے جولیٹ ٹوما کا کہنا تھا کہ کمیونیکیشن بلیک آؤٹ میں توسیع کا مطلب غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری امدادی سرگرمیوں میں تعطل کی توسیع کرنا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ میں بڑے پیمانے پر بھوک و افلاس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا تاہم اس تشویشناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوشاں عالمی ادارے کو بھی اب مجبوراً غذائی اشیاء کی ترسیل سمیت اپنی دیگر سرگرمیاں روکنی پڑ گئی ہیں۔
غاصب اسرائیلی افواج کی جانب سے گزشتہ کئی ہفتوں سے غزہ میں بجلی، انٹرنیٹ اور ایندھن کی فراہمی کو مکمل طور پر روک لیا گیا تھا جبکہ متاثرہ فلسطینی شہریوں کیلئے انسانی بنیادوں پر آنے والی امداد کو بھی محدود داخلے اجازت دی جاتی رہی ہے جسے ورلڈ فوڈ پروگرام اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کی جانب سے ناکافی قرار دیا جا چکا ہے۔
آپ کا تبصرہ