روس کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک جوہری آبدوز میں آگ بجھانے کے نظام کی ناکامی کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثہ میں کم سے کم بیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی نے روسی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روس کی ایک جوہری آبدوز میں آگ بجھانے کے نظام کی ناکامی کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثہ میں کم سے کم بیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ روس کے بحرِ الکاہل کے بیڑے کے ترجمان کیپٹن آئیگور دیاگلو کے مطابق یہ واقعہ سمندر میں کیے جانے والے تجربات کے دوران پیش آیا اور ہلاک ہونے والوں میں ملاح اور بندرگاہ پر کام کرنے والے ملازمین شامل ہیں۔ متاثرہ آبدوز پر کل دو سو آٹھ افراد سوار تھے جن میں سے اکیاسی کا تعلق روسی بحریہ سے تھا۔واقعہ میں زخمی ہونے والے اکیس افراد کو آبدوز سے منتقل کر دیا گیا ہے۔ فوجی حکام نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واضخ رہے کہ روس میں سنہ 2000 ء میں کرسک آبدوز کے حادثہ میں ایک سو اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
آپ کا تبصرہ