مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں کے لیے روس کے مستقل نمائندے میخائل اولیانوف نے کہا ہے کہ یورپی ٹرائیکا نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کی راہ ہموار کی۔
اولیانوف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ایرانی حکام انتہائی نرم مزاج اور شائستہ ہیں، لیکن وہ اس حقیقت کو نظر انداز کردیتے ہیں کہ مارچ 2022 سے یورپی ٹرائیکا نے جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے بورڈ آف گورنرز میں مسلسل کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ ان تینوں یورپی ممالک کے اقدامات نے درحقیقت ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے لیے حالات پیدا کیے۔
روسی سفیر نے اپنے بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کی تنقید کی بھی تائید کی اور کہا کہ تینوں یورپی ممالک کے اقدامات خطے میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بنے اور ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی حملوں کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوئے۔
آپ کا تبصرہ