مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی فوج کے ایک افسر نے کہا ہے کہ یمنی مسلح افواج سعودی عرب سے وابستہ فورسز کے حملوں اور ان کی نقل و حرکت کے مقابلے میں ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھیں گی۔
تفصیلات کے مطابق، المسیرہ ٹی وی نے یمنی اعلی فوجی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ یمنی مسلح افواج سعودی عرب کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے حملوں کا جواب دینے سے گریز نہیں کریں گی۔
نام ظاہر نہ کرنے والے اس فوجی عہدیدار نے کہا کہ مغربی یمن کے صوبہ الحدیدہ کے ضلع الجراحی میں ایک یمنی شہری کے گھر کو نشانہ بنانا دشمن سعودی عرب اور اس کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے جرائم کی فہرست میں ایک اور جرم کا اضافہ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سعودی عرب سے وابستہ فورسز کا ہر اجتماع یمنی مسلح افواج کے لیے جائز فوجی ہدف تصور کیا جائے گا۔
یمنی فوجی عہدیدار نے مزید کہا کہ مسلح افواج زمینی جنگ شروع کرنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے کی جانے والی ایسی کسی بھی تیاری کا مقابلہ کریں گی اور ان اجتماعات کو آگے بڑھنے نہیں دیں گی۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ سعودی عرب یمنی عوام کے عزم کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔ یمنی عوام اپنے خلاف ہر طرح کے ظلم اور ناانصافی کے خاتمے کا مطالبہ کررہے ہیں اور دشمن کی کارروائیاں ان کے ارادے کو کمزور نہیں کرسکتیں۔
آپ کا تبصرہ