مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یحییٰ سریع کے مطابق یہ کارروائی سعودی عرب کی جانب سے یمن کے خلاف جاری محاصرے اور فوجی اقدامات کے جواب میں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یمنی انٹیلی جنس نے سعودی افواج اور ان کے حامی دستوں کی بڑی فوجی نقل و حرکت کا سراغ لگایا تھا، جس کے بعد الرویک، العبر، الثنیہ اور دیگر فوجی مراکز کو متعدد بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق اس کارروائی میں سعودی حمایت یافتہ مسلح عناصر کے سینکڑوں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے، متعدد فوجی کیمپ، اسلحہ گودام اور تنصیبات تباہ ہو گئیں جبکہ کئی فوجی گاڑیاں اور سازوسامان بھی تباہ کر دیا گیا۔
یحییٰ سریع نے سعودی عرب کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے خلاف کسی بھی نئی کارروائی یا کشیدگی کے نتائج کی مکمل ذمہ داری ریاض پر عائد ہوگی۔ انہوں نے سعودی حمایت یافتہ یمنی جنگجوؤں سے بھی اپیل کی کہ وہ سعودی کیمپوں کو چھوڑ کر اپنے وطن اور عوام کی صفوں میں واپس آ جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یمنی مسلح افواج ہر قسم کی ممکنہ کشیدگی کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک کا محاصرہ ختم ہونے تک "محاصرے کے بدلے محاصرہ" کی پالیسی جاری رہے گی۔
آپ کا تبصرہ