مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسام نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی تاریخ کا سب سے زیادہ تخریبی صدر قرار دیا ہے۔
ٹرمپ کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ان کے حالیہ اقدامات ماحولیات اور موسمیاتی تحفظ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
نیوسام نے کہا کہ ٹرمپ کی مدت محدود ہے اور وہ چند برسوں میں منصب سے رخصت ہوجائیں گے، تاہم ان کے فیصلوں کے اثرات طویل المدت ہوسکتے ہیں۔ امریکی تاریخ میں ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں اس نوعیت کی پالیسی تبدیلیاں کم ہی دیکھنے میں آئی ہیں۔
گورنر کیلیفورنیا نے توانائی اور ماحولیات سے متعلق بعض وفاقی ضوابط کی منسوخی پر بھی ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ یہ اقدامات ملک کو جدید ماحولیاتی حکمت عملی سے دور لے جاسکتے ہیں۔
نیوسام نے خبردار کیا کہ امریکہ اس وقت فضائی آلودگی، جنگلاتی آگ اور سیلاب جیسے مسائل کا سامنا کررہا ہے، جنہیں ماہرین موسمیاتی تبدیلی سے جوڑتے ہیں۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ یونائیٹڈ اسٹیٹس انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ایک اہم سائنسی نتیجے پر نظرثانی کے قریب ہے، جس کے تحت چھ گرین ہاؤس گیسوں کو انسانی صحت کے لیے مضر اور فضائی آلودگی کا باعث قرار دیا گیا تھا۔ اس فیصلے کو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جاری کوششوں کے تناظر میں اہم پیش رفت یا بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
آپ کا تبصرہ