مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد پاکپور نے صہیونی حکومت کے خلاف 12 روزہ جنگ کے دوران عوامی رضاکار فورس "بسیج" کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تہران میں بسیج کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جنرل پاکپور نے اس جنگ میں شہید ہونے والوں کو عظیم شہداء قرار دیا جو ملک کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے دفاع مقدس (1980–1988) اور حالیہ 12 روزہ جنگ کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب، زلزلہ، دشمن کی جارحیت یا کسی بھی بڑے بحران میں بسیج ہمیشہ سب سے پہلے میدان میں نظر آتا ہے۔ 12 روزہ جنگ نے یہ ثابت کیا کہ بسیج ایک باشعور اور رضاکار عوامی تحریک کی بہترین مثال ہے۔
جنرل پاکپور کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران عوام نے بھی بسیج کے ساتھ مل کر ملک میں امن اور سکیورٹی قائم رکھنے میں بھرپور تعاون کیا۔
یاد رہے کہ رواں سال 13 جون کو اسرائیل نے ایسے وقت میں ایران پر بلااشتعال حملہ کیا جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان جوہری مذاکرات جاری تھے۔ اس جارحیت کے نتیجے میں 12 روزہ جنگ ہوگئی جس میں کم از کم 1,064 افراد شہید ہوئے۔
جنگ کے دوران امریکہ نے بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر بمباری کی۔ ایران نے اس کے جواب میں مقبوضہ علاقوں اور قطر میں امریکی فوجی اڈے ’العدید‘ سمیت متعدد اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا۔
بالآخر 24 جون کو ایران کی کامیاب جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں اسرائیلی اور امریکی جارحیت کا سلسلہ رک گیا۔
آپ کا تبصرہ