مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد پاکپور نے کہا ہے کہ ایرانی فورسز کی جنگی صلاحیت 12 روزہ جنگ کے دوران سے کہیں زیادہ ہے۔
پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے اجلاس میں جنرل پاکپور، اعلی دفاعی حکام اور انٹیلی جنس چیف بریگیڈیئر جنرل خادمی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپاہ پاسداران کی حالیہ کارروائیوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔
اس موقع پر جنرل پاکپور نے بتایا کہ 12 روزہ جنگ کے دوران اور اس کے بعد اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور اس کا جواب دینے کے لیے بالخصوص ایرو اسپیس شعبے میں اہم اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے زور دیا کہ سپاہ پاسداران اس وقت کسی بھی خطرے یا دشمنانہ اقدام کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
اجلاس میں جنرل خادمی نے بھی ارکان پارلیمنٹ کو داخلی سلامتی کی صورتحال اور اس کے استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
کمیشن کے ارکان نے پاسدارانِ انقلاب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اپنی تمام تر قانون سازی کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر مسلح افواج کی حمایت جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل کی جانب سے ایران پر بلااشتعال جارحیت کے نتیجے میں 12 روزہ جنگ چھڑ گئی تھی جس میں ایک ہزار سے زائد افراد شہید ہوئے، جن میں فوجی کمانڈر، ایٹمی سائنسدان اور عام شہری شامل تھے۔ اس دوران امریکہ نے بھی ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کیے جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تھی۔
ایرانی مسلح افواج نے جوابی کارروائی میں مقبوضہ علاقوں کے اسٹریٹجک مقامات اور قطر میں امریکی فضائی اڈے "العدید" کو نشانہ بنایا۔
ایران کی کامیاب جوابی کارروائیوں کے بعد 24 جون کو اسرائیل اور امریکہ کو جنگ بندی پر مجبور ہونا پڑا۔
آپ کا تبصرہ