مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی فوج کے نائب کمانڈر برائے امور ہم آہنگی ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ ایران نے امریکہ اور اسرائیل کو 12 روزہ جنگ میں شکست دے کر عالمی سطح پر امریکہ کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، زنجان میں 13 آبان کے موقع پر منعقدہ عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امام خمینیؒ کی قیادت میں 1979 میں امریکی سفارتخانے پر قبضے کو عالمی استکبار کے خلاف جدوجہد کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت نے 13 جون کو ایران پر بلاجواز حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 1,064 افراد شہید ہوئے، جن میں فوجی کمانڈر، جوہری سائنسدان اور عام شہری شامل تھے۔ ابتدائی حملے کے بعد امریکہ نے بھی جنگ میں شمولیت اختیار کی اور ایران کے تین جوہری مراکز پر بمباری کی، جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تھی۔ ایرانی مسلح افواج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی تنصیبات اور قطر میں امریکی فوجی اڈے "العدید" کو نشانہ بنایا۔ 24 جون کو ایران کی کامیاب جوابی کارروائیوں کے بعد جنگ کا خاتمہ ہوا اور دشمن کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
ایڈمرل سیاری نے واضح کیا کہ صہیونی حکومت اب ایران کے خلاف دوبارہ جنگ چھیڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، اور اگر ایسا کیا گیا تو ایرانی افواج سخت جواب دیں گی۔ ایران نے ثابت کیا کہ وہ نہ صرف دفاعی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی طاقت بھی رکھتا ہے۔
آپ کا تبصرہ