مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایران کی بھرپور جوابی کاروائیوں نے صہیونی حکومت اور اس کے مغربی حامیوں کو لڑائی روکنے پر مجبور کر دیا، جس سے ایران کی بڑھتی ہوئی میزائل اور ڈرون طاقت واضح طور پر سامنے آگئی ہے۔
ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے سپاہ پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کی نمائش کے موقع پر کہا کہ نمائش میں پیش کیے گئے تمام عسکری وسائل مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کیے گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام دفاعی نظام نوجوان ایرانی سائنس دانوں، ایرو اسپیس فورس اور وزارت دفاع کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔
12 روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل شکارچی نے کہا کہ دشمن، جدید ترین دفاعی نظام اور امریکا کی مکمل حمایت کے باوجود، میدان جنگ میں شکست کھا گیا اور بالآخر جنگ روکنے کے لیے منت سماجت اور پیغامات بھیجنے پر مجبور ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ کے بعد اسلامی جمہوری ایران نے ان صلاحیتوں کو مزید تیزی سے مضبوط کرنے کا عمل شروع کیا۔
بریگیڈیئر جنرل شکارچی نے زور دے کر کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے جنگ کے دوران سامنے آنے والی کمزوریوں کو دور کرلیا ہے اور اپنی مجموعی قوت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ 12 روزہ جنگ کے مقابلے میں اب ایرانی مسلح افواج کہیں زیادہ مضبوط اور مکمل طور پر تیار ہیں۔
آپ کا تبصرہ