مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، نومنتخب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ٹیلفون پر بات چیت کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات سمیت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ ہمسایہ ممالک سے تعلقات ایران اور خطے کے مفاد میں ہیں۔ عراق کے حوالے سے اس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ امید ہے کہ نئی حکومت کے دور میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم اور گہرے ہوں گے۔
انہوں نے عراقی وزیراعظم کی جانب سے مبارک باد پیش کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور ایران اپنی خارجہ پالیسی میں عراق کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت اور صہیونی حکومت کے مظالم کے خلاف عراق کا موقف قابل تعریف ہے۔ فلسطینی زخمیوں کے علاج کے سلسلے میں عراق نے اہم اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اربعین کے مراسم ایران اور عراق کے درمیان دینی اور ثقافتی گہرے تعلقات کو جلوہ ہیں۔ ایرانی زائرین کی شاندار میزبانی پر عراق کے ہم ہمیشہ شکرگزار رہیں گے۔
آپ کا تبصرہ